انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 240 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح انڈیا نے میچ میں واضح برتری کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔

انڈیا انڈر 19 کی جانب سے آرون جارج نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ آیوَش مہاترے نے 38 رنز بنائے، جب کہ کنیسک چوہان نے اہم موقع پر قیمتی 46 رنز اسکور کیے۔ انڈیا کی پوری ٹیم 46.1 اوورز میں 240 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد سیام اور عبدالسبحان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ نقاب شفیق نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے حذیفہ احسن نے 70 رنز بنا کر مزاحمت کی، تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

انڈیا کی جانب سے دیپیش دیوندراں نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کنیسک چوہان اور کِشان سنگھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو مشکلات میں ڈالے رکھا۔

واضح رہے کہ بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، جس کے بعد میچ کو 49 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں اپنے اپنے افتتاحی میچز میں شاندار فتوحات حاصل کی تھیں۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کو 297 رنز سے شکست دی تھی، جب کہ انڈیا نے یو اے ای کو 234 رنز سے ہرایا تھا۔