صدر مملکت آصف علی زرداری نے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی سے شدید متاثر رہا ہے اور ایسے حملوں سے معاشروں کو پہنچنے والے صدمے اور تکلیف کو بخوبی سمجھتا ہے۔

انہوں  نے آسٹریلیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف پاکستان کے اصولی اور دوٹوک مؤقف کو دہرایا۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی سڈنی واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں، آسٹریلوی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

مزید پڑھیں: ایران چین، روس اور پاکستان کا افغانستان سے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات پر اظہارِ تشویش


نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آسٹریلیا کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

 محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ناقابلِ معافی جرم ہے اور پاکستان اس خطرے کا طویل عرصے سے سامنا کرتا آ رہا ہے، اسی لیے ہم آسٹریلوی عوام کے درد کو محسوس کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پر مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔