وفاقی وزارتِ توانائی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 265 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ قیمتیں آئندہ پندرہ روز تک برقرار رہیں گی۔

ڈیزل کی قیمت میں کمی سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعتی شعبے کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، کیونکہ ڈیزل ان شعبوں میں بنیادی ایندھن کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت بدستور 263 روپے 45 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی ہر پندرہ روز بعد کی جاتی ہے، جس کا براہِ راست اثر مہنگائی، ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑتا ہے