ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے بھی نئے سال کی مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت کو سراہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے چین کے تمام بنیادی مفادات پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جس میں ون چائنا پالیسی کی مکمل پاس داری شامل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عوامی جمہوریہ چین کو واحد جائز حکومت تسلیم کرتا ہے جو پورے چین کی نمائندہ ہے، جب کہ تائیوان چین کا اٹوٹ انگ ہے۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 received Ambassador Mr. Jiang Zaidong of the People’s Republic of China this afternoon. Ambassador Jiang conveyed Season’s Greetings and best wishes for new year to DPM/FM on behalf of FM Wang Yi.… pic.twitter.com/LBEkhwLzLR
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) December 29, 2025
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون اور خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا اور دونوں ممالک خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیراعظم کے آئندہ دورۂ سوئٹزرلینڈ کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم 19 سے 23 جنوری 2026ء تک ڈیووس کلوسٹرز میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری خارجہ، جنیوا میں پاکستان کے مستقل نمائندے اور سینئر حکام نے عالمی اقتصادی فورم سے متعلق تیاریوں، مجوزہ پروگرام اور ایجنڈے پر مفصل بریفنگ دی۔ اس موقع پر دورے کے دوطرفہ پہلوؤں اور فورم کے دوران متوقع وسیع میڈیا مصروفیات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 chaired a briefing session today to oversee preparations in context of the Prime Minister s upcoming visit, to attend 56th Annual meeting of world Economic Forum (WEF) from 19 to 23 January, 2026 in… pic.twitter.com/ynf56UVKTe
— Ministry of Foreign Affairs - Pakistan (@ForeignOfficePk) December 29, 2025
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ عالمی اقتصادی فورم کے دوران سربراہانِ مملکت و حکومت، عالمی اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی اداروں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتوں اور روابط کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نجی شعبے کے کاروباری اداروں کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی اقتصادی فورم پاکستان کے معاشی وژن، سرمایہ کاری کے مواقع اور اصلاحاتی اقدامات کو عالمی برادری کے سامنے مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔






