وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مادورو ایک خاتون کے ساتھ ہیلی کاپٹر سے باہر نکل رہے ہیں، جو بظاہر ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس ہیں۔ انہیں منشیات کے انسداد کے امریکی ادارے (ڈی ای اے) کے اہلکاروں کی نگرانی میں لے جایا جا رہا ہے۔ مادورو اور ان کی اہلیہ قیدیوں کے یونیفارم میں ہیں اور مادورو ہلکا سا لنگڑاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
نیویارک عدالت میں پیشی کے لیے انہیں پہلے ہتھکڑی لگا کر سڑکوں پر بھی گھمایا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر ان کے صدارتی محل سے رات کے وقت حراست میں لیا گیا تھا۔
امریکی اسپیشل فورسز نے مادورو اور اہلیہ کو آنکھوں پر پٹی باندھ کر وینزویلا سے نیویارک منتقل کیا، جہاں ان کے خلاف منشیات اسمگلنگ سے متعلق مقدمات چلائے جائیں گے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق مادورو کو ڈاؤن ٹاؤن مین ہیٹن ہیلی پورٹ پر پہنچایا گیا، جہاں سے انہیں ڈینیئل پیٹرک موئنہن یونائیٹڈ اسٹیٹس کورٹ ہاؤس منتقل کیا گیا۔
ویڈیوز میں مادورو کے ہمراہ ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس بھی دکھائی دیتی ہیں۔ یہ اقدام اس کے باوجود کیا گیا کہ گزشتہ روز وینزویلا کی عبوری حکمران ڈیلسی روڈریگز نے امریکی حکومت کے ساتھ تعاون کی پیشکش کی تھی، جسے امریکہ نے اپنی سفارتی کامیابی قرار دیا تھا۔







