ذرائع کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں چیئرمین نے ٹیم مالکان کو مشورہ دیا کہ وہ کھلاڑیوں کے معاوضے میں اضافہ کریں تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور لیگ کی مجموعی معیار میں بہتری آئے۔

محسن نقوی نے اجلاس میں یہ بھی تجویز پیش کی کہ پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ میں کھلاڑیوں کو آزادانہ طور پر منتخب کرنے کی اجازت دی جائے، تاکہ ہر ٹیم اپنی مرضی سے پلیئرز اٹھا سکے، جس سے کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوگا اور لیگ میں شفافیت اور مقابلہ بازی کو فروغ ملے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین نے خاص طور پر دو نئی ٹیموں کو کھلاڑی چننے کے برابر مواقع فراہم کرنے پر زور دیا، تاکہ وہ بھی پرانی فرنچائزز کی طرح اپنی ٹیم تشکیل دے سکیں۔ ورکنگ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پرانی ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن (Retension) پر بحث متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: بی بی ایل تنازع: محمد رضوان کو ریٹائرڈ آؤٹ کرنے پر میلبرن رینیگیڈز کے کپتان اور کوچ کی معذرت

گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں پی ایس ایل کی 8 فرنچائز، پی سی بی اور لیگ حکام نے شرکت کی، اور چیئرمین نے دو نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا، نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی پر ٹیموں اور پی سی بی حکام کو مبارکباد بھی دی۔

پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کی تجویز لیگ کے معیار اور کھلاڑیوں کی مالی فلاح کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف موجودہ کھلاڑی مستفید ہوں گے بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کے لیے بھی لیگ میں شمولیت مزید پرکشش ہو جائے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ اقدام نافذ ہوتا ہے تو پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کی کارکردگی، لیگ کی مقبولیت اور بین الاقوامی معیار میں واضح بہتری متوقع ہے۔