روسی میڈیا ادارے ’ازویستیا‘ کے مطابق طیارے کی ابتدائی شناخت اینٹونوف این-12 (An-12) کے نام سے ہوئی ہے، جو منگل کو علاقائی دارالحکومت کیمیروو کے جنوب میں واقع گاؤں یاگونوو کے قریب حادثے کا شکار ہوا۔

رپورٹ میں ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا گیا کہ طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی، جس کے بعد وہ تیزی سے نیچے آیا اور زمین سے ٹکراتے ہی دھماکے سے تباہ ہوگیا۔

کیمیروو کے گورنر الیا سیریدوک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ یاگونوو کے علاقے میں پیش آیا ہے۔ ان کے مطابق امدادی ادارے جائے حادثہ پر پہنچ چکے ہیں اور وہ خود بھی وہاں جا رہے ہیں۔

گورنر نے بعد ازاں ویڈیو پیغام میں بتایا کہ طیارہ علاقے سے گزر رہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں کے لیے مرکز قائم کر دیا گیا ہے اور متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

روسی ٹیلی گرام چینل ’بازا‘ کے مطابق طیارے نے نووسیبیرسک سے کانسک جاتے ہوئے اپنے طے شدہ سفر کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ مکمل کرنے کے بعد کیمیروو میں ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔

چینل نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حادثے کی ممکنہ وجوہات میں فیول پمپ کی خرابی، انجن کے حصے میں طیارہ بردار ایندھن کا رساؤ اور اس کے نتیجے میں آگ لگنا، جبکہ ہائیڈرولک نظام کی خرابی شامل ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے کے ایک انجن کا حصہ جل گیا تھا اور فیول سسٹم کو بھی نقصان پہنچا۔ حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی ٹیم اور فضائی حادثات کی تحقیقات کرنے والا کمیشن کام کر رہا ہے۔

جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے، جہاں امدادی اداروں کے علاوہ پولیس، نیشنل گارڈ اور طبی ٹیمیں بھی موجود ہیں۔

روسی وزارتِ دفاع نے تاحال حادثے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، جبکہ طیارے میں سوار افراد کی ہلاکتوں کی تعداد کی بھی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہوئی۔ 17 افراد کی ہلاکت کی اطلاع روسی میڈیا نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دی ہے۔