آوا قبیلے کے افراد شکر قندی لینے جنگل سے باہر آگئے

آوا قبیلہ روایتی طور پر شکار اور جنگلی خوراک جمع کرکے گزر بسر کرتا ہے، تاہم اس کے علاقے میں غیر قانونی لکڑی کاٹنے والوں، شکاریوں اور مویشی پالنے والوں کی بڑھتی ہوئی مداخلت کے باعث ان کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی صورت حال کو خوراک کی تلاش میں سرکاری ٹیم سے رابطے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ ملاقات آرا ریبوئیا کے مقامی علاقے میں ہوئی۔ پڑوسی مقامی قبیلے گواجارا (تینی تہار) کے افراد نے اس ملاقات کی ویڈیو بھی بنائی۔ یہ افراد اس سرکاری مرکز کی معاونت کرتے ہیں جہاں آوا قبیلے کے لوگوں نے رابطہ کیا تھا۔

غیر قانونی درختوں کی کٹائی اور قبضے سے قبیلے کو خطرات

گزشتہ چند برسوں کے دوران غیر قانونی لکڑی کاٹنے والے، شکاری اور مویشی پالنے والے آوا قبیلے کے علاقے میں مسلسل داخل ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل آوا کے ایک پڑوسی علاقے کے تحفظ کے لیے 2012 سے 2014 کے درمیان سروائیول انٹرنیشنل نے ایک خصوصی مہم چلائی تھی۔ اس وقت آوا قبیلے کو دنیا کا سب سے زیادہ خطرے سے دوچار قبیلہ قرار دیا گیا تھا۔

سروائیول انٹرنیشنل کئی دہائیوں سے آوا قبیلے کے علاقوں کے تحفظ کے لیے مہم چلا رہی ہے۔

فاریسٹ گارڈینز کی غیر قانونی مداخلت کے خلاف جدوجہد

گواجارا قبیلے کے افراد کو فاریسٹ گارڈینز یعنی جنگلات کے محافظ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ لوگ کئی برس سے آرا ریبوئیا میں غیر قانونی درختوں کی کٹائی اور مویشی پالنے والوں کی مداخلت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے علاقے کے تحفظ میں ناکامی کے باعث انہیں خود اس کی حفاظت کرنا پڑ رہی ہے۔

یہ کام انتہائی خطرناک ثابت ہوا ہے اور گزشتہ چند برسوں میں کئی فاریسٹ گارڈینز اپنے علاقے کے تحفظ کی کوششوں کے دوران جانیں گنوا چکے ہیں۔ یہ وہی علاقہ ہے جہاں غیر رابطہ شدہ آوا قبیلہ بھی آباد ہے۔

موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات کی تباہی بھی خطرہ بن گئی

فاریسٹ گارڈینز نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگلات کی صورت حال موسمیاتی تبدیلی، آگ لگنے کے واقعات، جنگلات کی کٹائی اور زمینوں پر قبضے کے باعث مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ عوامل مقامی آبادی کی زمینوں اور آوا قبیلے کے طرز زندگی کو براہ راست متاثر کر رہے ہیں، جس کا انحصار مکمل طور پر شکار اور جنگلی خوراک جمع کرنے پر ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ COCALITIA اور فاریسٹ گارڈینز سے براہ راست مشاورت کرتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ آوا قبیلے کی زندگی، صحت، تحفظ اور وقار کو یقینی بنایا جاسکے۔

مقامی تنظیموں کا قبائلی حقوق کے تحفظ پر زور

برازیل کی ریاست مارانیاو میں مقامی آبادیوں کی نمائندہ تنظیم COAPIMA نے کہا کہ یہ واقعہ غیر رابطہ شدہ مقامی قبائل کے تحفظ، ان کی خودمختاری کا احترام اور ان کے علاقائی حقوق کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

سروائیول انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر کیرولین پیئرس نے اس ملاقات کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر رابطہ شدہ قبائل کے جنگلات میں مسلسل بیرونی مداخلت ان کی بقا کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔

ان کے مطابق آوا قبیلہ اپنے علاقے کے مختلف اطراف سے آنے والے لوگوں کے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے جس کے باعث وہ ایمازون کے جنگلات کے ایک محدود ہوتے ہوئے حصے تک سمٹنے پر مجبور ہو رہا ہے جبکہ اس کے اردگرد تباہی پھیل رہی ہے۔

کیرولین پیئرس نے برازیلی حکومت پر زور دیا کہ آرا ریبوئیا کو غیر قانونی لکڑی کاٹنے والوں اور مویشی پالنے والوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری وسائل فراہم کیے جائیں۔

فاریسٹ گارڈینز نے سروائیول انٹرنیشنل سے ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ آوا اور دیگر غیر رابطہ شدہ مقامی قبائل کے علاقوں کو بیرونی مداخلت اور تباہی سے بچانے کی فوری ضرورت اجاگر کی جاسکے۔