پاکستان نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، تاہم بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے خلاف بھرپور احتجاج کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان آئی سی سی کو باضابطہ خط کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے گا، جب کہ بنگلہ دیش کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس معاملے کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافی کو اجاگر کیا جا رہا ہے، کیونکہ بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا، مگر آئی سی سی نے اسے متبادل وینیو فراہم کرنے کے بجائے ٹی 20 ورلڈ کپ سے ہی خارج کر دیا، جب کہ ماضی میں بھارت کو اسی بنیاد پر متبادل وینیو دیا جا چکا ہے۔
پاکستان کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ۔۔ لیکن آئی سی سی کو خط لکھ کر بھر پور احتجاج کیا جائے گا🤓 pic.twitter.com/LxNmp9auyt
— Sehrish Maan (@SMunirMaan) January 26, 2026
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے سامنے احتجاج سمیت تمام دستیاب آپشنز رکھ دیے گئے ہیں اور وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ قومی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے تمام پہلوؤں پر غور کر کے فیصلہ کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات انتہائی مثبت اور تعمیری رہی، جس میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان حالیہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات طے پائی ہے کہ پاکستان اپنا احتجاج بھرپور انداز میں ریکارڈ کرائے گا اور ساتھ ہی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ چند روز میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ آئی سی سی ایک ہی معاملے میں بھارت کے لیے ایک قانون اور دیگر ممالک کے لیے دوسرا قانون نافذ کر رہا ہے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اس سے قبل چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس پر آئی سی سی نے بھارت کو متبادل وینیو فراہم کیا، لیکن بنگلہ دیش کے معاملے میں یہی اصول لاگو نہیں کیا گیا۔
محسن نقوی نے یہ بھی بتایا کہ اگر پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرتا تو اسے ایونٹ میں شمولیت کے عوض ملنے والی مالی رقم سے بھی محروم ہونا پڑے گا، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کی صورت میں مالی اور تجارتی نقصان بھارت کو زیادہ ہوگا۔ اس پہلو پر بھی اعلیٰ سطح پر غور کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے آؤٹ، آئی سی سی نے اسکاٹ لینڈ کو شامل کرنے کا اعلان کردیا
واضح رہے کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد کرکٹ حلقوں میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہو رہا ہے، جبکہ شیڈول کے مطابق پاکستان کے تمام میچز سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلے جانے ہیں۔ پاکستان کی شرکت اور احتجاج کے حوالے سے حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو سامنے آنے کا امکان ہے، جس پر کرکٹ شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔







