ایڈوائزری کے مطابق پاکستان میں جرائم، سول بدامنی، دہشتگردی اور اغوا کے خطرات کے باعث امریکی شہریوں کو اضافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان کو لیول 3 یعنی Reconsider Travel کیٹیگری میں رکھا ہے، جس کا مطلب ہے کہ یہاں سیکیورٹی کے سنگین خدشات موجود ہیں اور دہشتگرد حملے بغیر پیشگی اطلاع کے ہو سکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ حملوں کے اہداف میں ٹرانسپورٹ مراکز، ہوٹلز، مارکیٹس، شاپنگ مالز، فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات، ہوائی اڈے، ریلوے اسٹیشن، اسکول، اسپتال، عبادت گاہیں، سیاحتی مقامات اور سرکاری عمارتیں شامل ہو سکتی ہیں۔
پاکستان کے بعض علاقوں خصوصاً خیبر پختونخوا کے کچھ حصوں کو لیول 4 یعنی Do Not Travel کیٹیگری میں رکھا گیا ہے، جہاں کسی بھی مقصد کے لیے سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان علاقوں میں اغوا اور ٹارگٹ کلنگ جیسے جرائم کا خطرہ زیادہ ہے، اور یہ انتباہ پاکستانی نژاد امریکی شہریوں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔
اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں بغیر اجازت مظاہروں میں شرکت غیر قانونی ہے اور ماضی میں ایسے مظاہروں میں شریک امریکی شہریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
لیول 3 کا مطلب سنگین سیکیورٹی خطرات کے باعث سفر پر نظرثانی کرنا ہے، جبکہ لیول 4 سب سے اعلیٰ انتباہی سطح ہے جس میں ہر قسم کے سفر سے گریز کی ہدایت دی جاتی ہے۔







