سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا، تاہم کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا، تاہم فائرنگ کے دوران 8 دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور علاقے میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، تین دستی بم، تین سب مشین گنز (ایس ایم جیز)، 200 سے زائد گولیاں اور دیگر خطرناک بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ دہشتگردوں کی شناخت کے لیے لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور نادرا سمیت دیگر اداروں کی مدد سے شناخت کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھے۔ سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی صوبے میں امن و امان کی بحالی اور دہشتگرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔
سی ٹی ڈی نے واضح کیا کہ فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ حکام کے مطابق علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور عوام سے مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دینے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔







