غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو خط لکھ کر کہا ہے کہ دونوں روایتی حریفوں کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہائی پروفائل میچ کی منسوخی سے سری لنکا کرکٹ کو بھاری مالی نقصان اور ممکنہ سیاحتی آمدنی میں کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سری لنکا کرکٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی عدم شرکت کے دور رس اثرات ہوں گے، جن میں مالی نقصانات اور کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو نقصان پہنچنا شامل ہے۔

اس ضمن میں انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ غیر معمولی حالات، دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات اور کھیل کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔

یہ پیش رفت حکومتِ پاکستان کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت مینز کرکٹ ٹیم کو روایتی حریف انڈیا کے خلاف میدان میں اترنے سے روک دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسی ہفتے انڈین میڈیا میں رپورٹس سامنے آئیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پاکستان کو انڈیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ پر اپنے مؤقف پر نظرِ ثانی کے لیے آمادہ کرنے کے لیے پسِ پردہ رابطوں کے امکانات پر غور کر رہی ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سات فروری سے انڈیا اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے اور پاکستان اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گا۔