نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی ذاتی دلچسپی اور وابستگی قابلِ تعریف ہے۔

وزیر اعظم کے مطابق یہ فریم ورک بھارت اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔ اس معاہدے کے تحت میک اِن انڈیا پروگرام کو فروغ ملے گا اور بھارتی کسانوں، صنعت کاروں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، اسٹارٹ اپ انوویٹرز اور ماہی گیروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ خواتین اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع امکانات بھی سامنے آئیں گے۔

مودی نے کہا کہ بھارت اور امریکا جدت اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، اور یہ فریم ورک سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے مضبوط اور قابلِ اعتماد سپلائی چین کو تقویت ملے گی اور عالمی ترقی میں مثبت کردار ادا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ترقی یافتہ ملک بننے کے سفر میں عالمی شراکت داریوں کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق مضبوط بنانے اور عوام کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔