ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سکیورٹی فورسز، فوج، پولیس یا ایف سی کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے اور اس میں کامیابی نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہے۔

نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد حملے میں ملوث دہشت گرد کو افغانستان میں تربیت دی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی بھی سیاسی یا مذہبی سوچ کچھ بھی ہو، اس سے قطع نظر دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق تین سال قبل 15 سے 20 ملین لیٹر ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ ہوتی تھی، تاہم اب اس کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی رقم دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس ہی وہ واحد راستہ ہے جو دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر سکتا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے بھی نیشنل ایکشن پلان کلیدی حیثیت رکھتا ہے، جب کہ صوبے میں حالیہ اجلاس خوش آئند اقدام ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کا بیان نہ صرف افسوسناک بلکہ بے بنیاد ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت ان کا آئینی و جمہوری حق ہے، تاہم فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ قانونی معاملات اور عدالتی کیسز کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق عدالتوں نے ہی کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امن کا قیام اولین ترجیح، عام شہریوں کے قاتلوں سے کوئی مفاہمت نہیں ہوگی: وزیرِاعلیٰ بلوچستان

لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سینیئر سکیورٹی افسر نے کہا کہ قوم کو قومیت، لسانیت یا صوبائیت کی بنیاد پر تقسیم ہونے کے بجائے متحد رہ کر تمام فتنوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ’فتنہ الہندوستان‘ بلوچ عوام اور بلوچستان کی ترقی کا دشمن ہے۔ احساسِ محرومی کے نعرے کی آڑ میں دہشت گردی کرنے والوں کو بلوچستان کے عوام پہچان چکے ہیں۔

سینیئر سکیورٹی افسر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی اسپانسرڈ دہشت گردی کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے اور بیرونی و اندرونی سازشی عناصر کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بیانیہ فوج اور عوام کے رشتے کو کمزور نہیں کر سکتا۔ ہمارا بیانیہ صرف پاکستان ہے۔ تعلیمی اداروں کے دوروں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نوجوان نسل پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

سینیئر سکیورٹی افسر نے کہا کہ جس طرح ہم نے معرکۂ حق میں انڈیا کو شکست دی، اسی طرح دہشت گردوں کو بھی شکست دیں گے۔