غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں دیرپا امن کا قیام ہمارا مشترکہ مشن ہے۔ 

انہوں نے تنازعات کے حل میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت مداخلت سے پاک بھارت کشیدگی میں کمی آئی اور جنگ بندی ممکن ہوئی، جس سے کروڑوں جانیں محفوظ رہیں۔ ان کے بقول صدر ٹرمپ امن کے علمبردار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین پر مکمل حق حاصل ہونا چاہیے اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو ان کے حقوق دیے جائیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے آج کا دن تاریخ کا ایک اہم باب ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں امن کا قیام ایک بڑی کامیابی اور تاریخی میراث ہوگا، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ جنگ بندی کی تمام خلاف ورزیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بورڈ آف پیس کے اجلاس کے اختتام پر غیر رسمی گفتگو کی ۔

اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غیر معمولی گرمجوشی دیکھنے میں آئی۔