نجی نشریاتی ادارے اے آر وائی کے نجی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ صدر زرداری نے محسن نقوی کو کیوں بلایا ہے۔ شہباز شریف کی جس طرح کی پرفارمنس ہے، ہوسکتا ہے کہ وہ وزیرِاعظم کے امیدوار ہوں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مریم نواز تیاری کررہی ہیں اور وزیرِاعظم بنیں گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف خود مریم نواز کو وزیرِاعظم کا حلف تھمائیں گے، لیکن یہ سب تب ممکن ہے جب شہباز شریف سمجھیں گے کہ اب پارٹی کی اگلی نسل کو آنا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا 'سُتھرا پنجاب' کے ڈیڑھ لاکھ ورکرز کے لیے 'راشن کارڈ' کا اعلان، کون کون سی سہولیات میسر ہوں گی؟
رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ سیاسی گرما گرمی میں صدر آصف زرداری اور شہباز شریف ہی کردار ادا کرسکتے ہیں، پہلے کہا تھا کہ محسن نقوی کی مہربانی ہے ورنہ وہ وزیرِاعظم بھی بن سکتے تھے۔ مگر اب صورتحال تبدیل ہوگئی ہے، شہباز شریف کی جو پرفارمنس ہے کوئی ان تک پہنچ بھی نہیں سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل نواز شریف مسلم لیگ ن کے ڈکلیئرڈ وزیرِاعظم کے امیدوار تھے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مریم نواز ہماری مستقبل کی لیڈر ہیں۔







