شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو جدید سہولیات فراہم کرنے، انفراسٹرکچر کی بہتری اور مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، شہریوں کو باعزت اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بی آر ٹی یلو لائن منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور یہ منصوبہ جلد مکمل ہونے کی جانب گامزن ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو جدید اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے منصوبے پر بھی سنجیدہ سطح پر منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جا سکے اور شہریوں کو سفر کی مزید سہولت فراہم ہو۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں اور مجموعی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں حکومت شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی مرمت، توسیع اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی زونز کی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ مل سکے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

مزید پڑھیں: افغانستان سے ایک ہی توقع ہے کہ پاکستان کے سکیورٹی خدشات دور کرے: وزارتِ خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا مقصد صرف منصوبوں کا اعلان کرنا نہیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہے۔