وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ تاہم مشرق وسطیٰ اور خطے میں غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات ضروری ہیں۔

حکام نے آگاہ کیا کہ ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر آئندہ دنوں میں ایندھن کے استعمال میں بچت اور کفایت شعاری کے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے سے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ممکن ہوا ہے، اور موجودہ حالات میں اشرافیہ کو آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کی مثال قائم کرنی چاہیے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ انٹیلی جنس بیورو صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔

اعلامیے میں عوام پر زور دیا گیا کہ پیٹرول بچانے کے لیے کار پولنگ کو فروغ دیا جائے، غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور آمد و رفت کو محدود رکھا جائے تاکہ ممکنہ قلت کے خطرے سے بچا جا سکے۔

حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے تیار رہیں گے اور حالات کے مطابق حکمت عملی اپنائی جائے گی۔