نجی نشریاتی اداروں كے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاءاللہ تارڑ كا كہنا تھا کہ جنیوا میں پیش آنے والے واقعات افسوسناک ہیں اور پاکستان کے خلاف کیا جانے والا پراپیگنڈا کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، کوئی بھی سیاسی جماعت یا رہنما پاکستان سے بڑا نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے عارف اجاکیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، جب کہ زلفی بخاری کی اس کے ساتھ ملاقات کی ویڈیو کو محض اتفاق قرار نہیں دیا جا سکتا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے اور اس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کبھی اسرائیل کی مذمت نہیں دیکھی گئی، جو قابلِ افسوس ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو نائیکوپ کے ذریعے پاکستان آنے کی دعوت دی گئی تھی، تاہم انہوں نے اس کے بجائے دیگر ذرائع اختیار کیے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم سب مملکت پاکستان کے مرہون منت ہیں، سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے۔
— The News Tribe (@thenewstribepk) March 26, 2026
ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کی فتح نے پاکستان کا مقام بڑھایا، موجودہ صورتحال میں ملک کے خلاف پروپیگنڈا قابل قبول نہیں، شخصیت اور انا پرستی ملک کیلئے نقصان دہ ہے اور ملک کے… pic.twitter.com/lkcEhRAd18
ان كا كہنا تھا كہ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ کے قریب پہنچایا اور یہاں تک دعائیں کیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، حالانکہ ایسا ہونے کی صورت میں پورے ملک کو نقصان ہوتا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی جی ایس پی پلس اسٹیٹس کو بھی خطرے میں ڈال کر ملکی برآمدات کو نقصان پہنچانا چاہتی تھی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے دونوں بیٹے امریکا میں اسرائیلی لابی سے ملے اور پاکستان کے جی ایس پی اسٹیٹس کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر خود کو پاکستان سے زیادہ اہم سمجھتے ہیں اور یہ اقدام ملک کے خلاف ایک اور سنگین قدم ہے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے غیر سیاسی ہیں اور انہیں اپنے والد کے حق میں آواز اٹھانے کا پورا حق حاصل ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بانی کے بچوں نے کبھی بھی جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔







