چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس پر جاری بیان میں میں تصدیق کی کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فائنل میچ کے موقع پر شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود وزیراعظم سے اس حوالے سے درخواست کی تھی، جس پر مثبت پیش رفت ہوئی۔
محسن نقوی کے مطابق وزیراعظم پہلے ہی کرکٹ کے شائقین کو اسٹیڈیم میں دیکھنے کے خواہاں تھے، تاہم ملک میں جاری کفایت شعاری مہم کے باعث بعض احتیاطی اقدامات زیر غور تھے۔ انہوں نے بتایا کہ فرنچائز مالکان کی جانب سے بھی شائقین کو فائنل میں شرکت کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی تھی، جس کے بعد حکومت نے خصوصی رعایت دیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔
Dear cricket fans, I requested Prime Minister Shehbaz Sharif to allow spectators in the stadiums. While he was also inclined to permit fans, he emphasized that austerity measures are currently in place across Pakistan, with efforts underway to minimize fuel consumption.
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) April 25, 2026
However,… pic.twitter.com/jgp96vRiRe
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف کرکٹ کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث ہے بلکہ اس سے لیگ کے جوش و خروش میں بھی اضافہ ہوگا۔ آخر میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پی ایس ایل کا فائنل مزید یادگار بنے گا۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری کفایت شعاری مہم بدستور نافذ رہے گی، تاہم اہم قومی اور عوامی دلچسپی کے حامل ایونٹس کے لیے محدود پیمانے پر نرمی دی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ مہم مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور ایران-امریکا تنازع کے باعث ممکنہ تیل بحران کے خدشات کے پیش نظر شروع کی گئی تھی، جس کا مقصد ایندھن کے استعمال میں کمی لانا ہے۔
کرکٹ شائقین نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ فائنل میچ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ کھیلا جائے گا، جبکہ اسٹیڈیم ایک بار پھر تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا نظر آئے گا۔







