وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں علی الزیدی کو عراق کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا،پاکستان عراق کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی اور تعمیری روابط کا خواہاں ہے۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ نئی عراقی حکومت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، توانائی، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط کو بڑھا کر خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان عراق کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور نئی عراقی قیادت کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: صدرِ مملکت آصف علی زرداری چین کا 5 روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
واضح رہے کہ یہ مبارکباد نہ صرف سفارتی روایات کا تسلسل ہے بلکہ اس سے خطے میں پاکستان کی فعال خارجہ پالیسی اور مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور عراق کے درمیان مذہبی، تاریخی اور ثقافتی روابط کی ایک طویل تاریخ موجود ہے، اور دونوں ممالک مختلف عالمی فورمز پر بھی ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ نئی عراقی حکومت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں مزید بہتری کے امکانات موجود ہیں، خصوصاً تجارت، توانائی اور زائرین کی سہولیات کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جا سکتی ہے۔







