چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ ایڈیشن میں نہ صرف ایونٹ کے معیار کو بہتر کیا جائے گا بلکہ پاکستان کے مزید شہروں کو بھی میزبانی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، تاکہ کرکٹ کے فروغ کو ملک بھر میں وسعت دی جا سکے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کا ایک بڑا برانڈ بن چکا ہے اور اس کی عالمی سطح پر پہچان مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق لیگ کے ہر ایڈیشن کے ساتھ بہتری لانا پی سی بی کی اولین ترجیح ہے تاکہ شائقین کو عالمی معیار کی کرکٹ میسر آ سکے۔

انہوں نے لاہور کے شائقین کرکٹ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فائنل میچ کے دوران قذافی اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے شاندار نظم و ضبط اور غیر معمولی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ تعریف ہے۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق شائقین کا جذبہ ہی پی ایس ایل کی اصل طاقت ہے اور اسی وجہ سے ایونٹ کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، فائنل کے دوران اسٹیڈیم میں موجود ماحول اس بات کا ثبوت تھا کہ پاکستان میں کرکٹ سے محبت بے مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سیزن میں نہ صرف انتظامی بہتری لائی جائے گی بلکہ ٹیکنالوجی اور سہولیات کے معیار کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کو بہترین تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ  پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کو مزید وسعت دینے کا اعلان پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر اس کی ساکھ کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔