میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنا بڑا لاہور ہے، اتنا بڑا تو ہمارا گلستانِ جوہر ہے، لاہور کے اندر بڑی بڑی باتیں کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے پمپنگ اسٹیشن کو آؤٹ سورس کیا ہوا ہے، جب کہ سیوریج پلانٹ پر بھی کام نہیں ہو رہا۔ کراچی میں بھی اچھے کاموں کو سراہا جانا چاہیے۔

اس کے علاوہ میئر کراچی نے جہانگیر روڈ، تین ہٹی، سخی حسن، ناظم آباد، شادمان نالہ، اجمیر نگری اور ایس ایم توفیق روڈ پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جہانگیر روڈ کا ایک ٹریک کھول دیا گیا ہے جبکہ دوسرے ٹریک پر کام تیزی سے جاری ہے۔ کوشش ہے کہ جلد از جلد کام مکمل کر کے عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تھرڈ پارٹی انسپیکشن کے ساتھ سخت نگرانی بھی جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کام اس بات کا ثبوت ہیں کہ کراچی کو بہتر بنانے کا عمل جاری ہے۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ بڑی شاہراہوں اور ٹاؤنز کی اہم سڑکوں پر ترقیاتی کام پاکستان پیپلز پارٹی کی بلدیہ عظمیٰ کراچی کر رہی ہے، اور آنے والے دنوں میں انفراسٹرکچر کے حوالے سے مزید خوشخبریاں دی جائیں گی۔