اہل خانہ کے مطابق شمیم رحمت ایک پیچیدہ امراضِ نسواں کی بیماری میں مبتلا تھیں اور انہوں نے خیبر پختونخوا کے مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں سے علاج کروایا، تاہم صحت میں خاطر خواہ بہتری نہ آسکی۔ مسلسل مایوسی کے بعد اہل خانہ انہیں علاج کی غرض سے لاہور لے آئے جہاں انہیں لاہور جنرل اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق گائنی یونٹ ون کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل کی نگرانی میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے مریضہ کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، ضروری ٹیسٹ مکمل کیے اور بیماری کی تشخیص کے بعد علاج کا جامع پلان ترتیب دیا۔ بعد ازاں مریضہ کے یوٹرس کی کامیاب سرجری کی گئی جس کے نتیجے میں ان کی صحت میں نمایاں بہتری آئی اور چند روز کی طبی نگرانی کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔
پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جنرل اسپتال میں آنے والا ہر مریض ہمارے لیے اہمیت رکھتا ہے اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، دوسرے صوبوں سے آنے والے مریضوں کو بھی بلاامتیاز معیاری علاج فراہم کیا جا رہا ہے، جو صحت کے شعبے میں عوامی خدمت کے عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے مریضوں کی نگہداشت، بروقت رہنمائی اور فیڈبیک سروسز میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ڈی ایم ایس ڈاکٹر صنم اللہ یار اور ڈاکٹر سندس طاہر کے لیے خصوصی تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان بھی کیا۔
مریضہ کے والد شفیع الرحمن نے بیٹی کی صحت یابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات نے ان کے خاندان کو نئی امید دی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی پیشہ ورانہ مہارت، توجہ اور خلوص کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں علاج کے دوران بھرپور تعاون فراہم کیا گیا۔
مریضہ کے شوہر رحمت اللہ کا کہنا تھا کہ اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے نے نہ صرف بہترین علاج کیا بلکہ ہر مرحلے پر اخلاقی تعاون اور رہنمائی بھی فراہم کی، جس سے ان کا اعتماد بحال ہوا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ لاہور جنرل اسپتال میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات اور معیاری علاج کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں، طبی عملے کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مریض دوست رویہ ہی ادارے کی نیک نامی کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے سے باہر سے آنے والے مریضوں سمیت تمام افراد کو بلاامتیاز علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنا اسپتال انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔







