انہوں نے یہ دعویٰ امریکی ٹی وی نیٹ ورک سی بی ایس نیوز کے پروگرام 60 منٹس میں ایک خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔

صدر ٹرمپ نے انٹرویو کے دوران کہا کہ دیگر ممالک خفیہ طور پر جوہری تجربات کر رہے ہیں لیکن اس بات کو ظاہر نہیں کرتے۔ روس اور چین جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر رہے ہیں، لیکن وہ اس بارے میں بتاتے نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے امریکہ کی وزارتِ جنگ کو حکم دیا تھا کہ وہ بھی دیگر ممالک کی طرح جوہری تجربات کی تیاری شروع کرے۔

انٹرویو کے دوران جب صدر ٹرمپ سے اُن کے اسی اعلان سے متعلق سوال کیا گیا تو اُن کا کہنا تھا جی  ہاں، ہم جوہری تجربات کریں گے، جیسا کہ دیگر ممالک کرتے ہیں۔

اس پر پروگرام کی میزبان نے استفسار کیا کہ واحد ملک جو اس وقت جوہری تجربات کر رہا ہے، وہ شمالی کوریا ہے۔ چین اور روس نہیں، یعنی چین اور روس اس طرح کے تجربات نہیں کر رہے۔

اس پر امریکی صدر نے دعویٰ کیا نہیں، نہیں۔ روس جوہری ہتھیاروں کے تجربے کر رہا ہے اور چین بھی ایسے تجربے کر رہا ہے، بس آپ کو معلوم نہیں ہے۔

میزبان نے جواب میں کہا یہ تو یقیناً بہت بڑی خبر ہے اور میری معلومات کے مطابق، روس نے حال ہی میں جو تجربہ کیا، وہ بنیادی طور پر جوہری ہتھیاروں کی ترسیل کے نظام، یعنی میزائل، سے متعلق تھا۔

اس پر صدر ٹرمپ نے دوبارہ مؤقف دہرایا کہ روس تجربے کر رہا ہے اور چین بھی، لیکن وہ اس کے بارے میں بات نہیں کرتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ میں جمہوری نظام ہے اور ہم ان سے مختلف ہیں۔ ہم اس کے بارے میں بات کرتے ہیں، ہمیں اس کے بارے میں بات کرنی پڑتی ہے کیونکہ دوسری صورت میں میڈیا اس بارے میں رپورٹ کر دیتا ہے، لیکن اُن کے پاس ایسے رپورٹرز نہیں ہیں جو اس کے بارے میں لکھ  سکیں، مگر ہمارے یہاں ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا ہم بھی تجربے کریں گے، کیونکہ وہ ٹیسٹ کرتے ہیں اور دیگر بھی کرتے ہیں اور یقینی طور پر شمالی کوریا بھی تجربے کر رہا ہے، پاکستان تجربے کر رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے دعوؤں کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بہت بڑی ہےاور آپ کو شاید معلوم نہ ہو کہ وہ کہاں تجربے کر رہے ہیں۔ وہ زیرِ زمین تجربے کرتے ہیں، جہاں لوگوں کو معلوم نہیں ہوتا کہ اصل میں کس چیز کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آپ کو تھوڑی سی جنبش محسوس ہو گی کہ وہ تجربے کر رہے ہیں اور ہم نہیں۔ ہمیں بھی کرنے ہوں گے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں روس نے ایک طرح سے دھمکی دی ہے، جب انہوں نے کہا کہ وہ مختلف نوعیت کے تجربے کرنے جا رہے ہیں۔

جب ان سے دوبارہ پوچھا گیا کہ کیا امریکہ واقعی جوہری تجربے کرے گا؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جوہری ہتھیار بنائے ہیں اور ان کا تجربہ نہیں کرتے؟ تو آپ کو کیسے معلوم کہ وہ کام کریں گے یا نہیں؟ اس لیے ہمیں یہ تجربے کرنا ہوں گے۔