سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق عالمی بینک کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  یہ پروگرام پنجاب کے 16 شہروں میں شروع کیا جائے گا، جس کے تحت سیوریج سسٹمز کی بہتری، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تعمیر و بحالی، اور شہری علاقوں میں محفوظ، صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منصوبے سے نہ صرف صحت کے اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں واضح کمی متوقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی حکومتوں کی صلاحیت اور ریونیو میں اضافہ ہوگا، جب کہ شہروں کو سیلاب اور خشک سالی جیسے موسمی خطرات کے مقابلے کے لیے زیادہ مضبوط بنایا جائے گا۔

منصوبہ شہروں کی پائیدار ترقی، ماحولیاتی بہتری اور موسمیاتی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 540 ملین ڈالرز قرض کی منظوری دے دی

عالمی بینک کے مطابق منصوبے میں خواتین کی شمولیت کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ اس سلسلے میں خواتین کے لیے نئی بھرتیاں، فیصلہ سازی میں نمائندگی، سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز اور جینڈر کمپلینٹ ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔ گھریلو سطح پر بہتر صفائی، پانی کے محفوظ استعمال اور صحت سے متعلق آگاہی مہمات بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔

عالمی بینک نے کہا کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو پانی اور صفائی کے شعبے میں متحرک کرنا بھی ہدف ہے۔ یہ منصوبہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور ستھرا پنجاب پروگرام کی معاونت کرے گا، جس کا مقصد صحت مند کمیونٹیز اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنا ہے۔