عالمی مارکیٹ میں ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 11.17 فیصد کمی کے بعد 83.52 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جب کہ برینٹ خام تیل کی قیمت 11.32 فیصد کمی کے بعد 88.07 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔

ایکس پر جاری ایک بیان میں ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے تناظر میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی باقی مدت کے لیے آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔

اس اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں فوری کمی دیکھنے کو ملی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں آبنائے ہرمز کھولنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ایران نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہے اور بحری آمدورفت کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے اس ہفتے کے اوائل میں آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ ایران نے فروری میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے ردِعمل میں دنیا کی مصروف ترین تیل بردار بحری گزرگاہ کو کئی ہفتوں تک عملی طور پر بند کر دیا تھا۔