خبر رساں اشاعتی ادارے بزنس ریکارڈر کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز شاندار تیزی دیکھنے میں آئی جب سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے 100 انڈیکس میں 4500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 4582.22 پوائنٹس یا 2.89 فیصد اضافے سے 163025.64 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
آٹوموبائل، سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس، او ایم سیز، پاور سیکٹر اور ریفائنریز سمیت اہم شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔ حبکو، اے آر ایل، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایس ایس جی سی، ایس این جی پی ایل اور وافی کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوتے دکھائی دیے۔
مزید براں اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ سعد حنیف کے مطابق مارکیٹ کا مجموعی رجحان مثبت ہے اور موجودہ خریداری سیاسی شور میں کمی کے باعث دیکھنے میں آ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز میوچل فنڈز کی جانب سے بڑے پیمانے پر فروخت کے بعد آج سرمایہ کاروں نے دوبارہ مارکیٹ میں اعتماد ظاہر کیا۔
یاد رہے کہ پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی تھی جب 100 انڈیکس 4654.77 پوائنٹس یا 2.85 فیصد کمی سے 158443.42 پوائنٹس پر بند ہوا۔
عالمی سطح پر بھی منگل کو ایشیائی مارکیٹس میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ امریکا اور چین کے ممکنہ تجارتی مذاکرات کی خبروں کے باوجود غیر یقینی صورتحال برقرار رہی۔ جاپان کے علاوہ ایشیا پیسیفک کے ایم ایس سی آئی انڈیکس اور ایس اینڈ پی 500 فیوچرز ابتدائی تیزی کے بعد مستحکم سطح پر آ گئے۔
واضع رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چین کے ساتھ تجارتی کشیدگی پر نرم مؤقف اختیار کرنے کے بعد وال اسٹریٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی جہاں اہم انڈیکس 2.2 فیصد تک بڑھ گئے۔ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 0.4 فیصد گر گیا جبکہ چین کی مین لینڈ مارکیٹ کا سی ایس آئی 300 انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ بند ہوا۔






