بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے اثرات مقامی سطح پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں، تاہم پاکستان میں مسلسل 2 روز کمی کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کے روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونا 7 ہزار 900 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 57 ہزار 236 روپے ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 6 ہزار 776 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 92 ہزار 6 روپے مقرر ہو گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فی اونس سونا 79 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 347 ڈالر کا ہو گیا۔
اس کے علاوہ ملک میں فی تولہ چاندی کی قیمت 140 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 942 روپے ہو گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 15 ستمبر کو پاکستان میں فی تولہ سونا 4 ہزار روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 49 ہزار 336 روپے کا ہو گیا تھا، جب کہ 10 گرام سونا 3 ہزار 429 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 85 ہزار 233 روپے کی سطح پر آ گیا تھا۔
اس سے قبل 14 ستمبر کو بھی ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 800 روپے کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 53 ہزار 336 روپے کا ہو گیا تھا۔ اسی طرح 10 گرام سونا 3 ہزار 258 روپے کی کمی سے 3 لاکھ 88 ہزار 662 روپے کی سطح پر آ گیا تھا۔
جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمتوں میں ردوبدل کی بڑی وجوہات میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی اور جغرافیائی کشیدگی شامل ہیں۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر ترجیح دیتے ہیں۔ غیر یقینی میں اضافے کے باعث سونے کی طلب بڑھتی ہے، جس کا براہ راست اثر عالمی اور مقامی مارکیٹ میں اس کی قیمت پر پڑتا ہے۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں، ڈالر کی قدر اور بین الاقوامی حالات میں آنے والی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔







