فرانس کے مرکزی بینک بینک آف فرانس کے مطابق اس عمل کے دوران جولائی 2025 سے جنوری 2026 کے درمیان 129 ٹن سونا فروخت کیا گیا، جس سے تقریباً 13 ارب یورو منافع حاصل ہوا، جو موجودہ شرح کے مطابق لگ بھگ 15 ارب ڈالر بنتا ہے۔
یہ سونا پہلے فیڈرل ریزرو بینک آف نیویارک میں محفوظ تھا، تاہم اسے واپس لانے کے بجائے فرانس نے یورپ میں جدید معیار کے مطابق نیا سونا خرید لیا، جو اب پیرس میں محفوظ کیا گیا ہے۔
بینک کے مطابق اس اقدام کا مقصد سونے کے ذخائر کو زیادہ محفوظ، قابلِ انتظام اور عالمی منڈی میں آسانی سے قابلِ تجارت بنانا تھا۔ حکام نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ سیاسی نہیں بلکہ خالصتاً مالی اور تکنیکی بنیادوں پر کیا گیا۔
فرانس کے مجموعی سونے کے ذخائر، جو تقریباً 2,437 ٹن ہیں، اس عمل کے بعد بھی برقرار ہیں، البتہ پرانے اور غیر معیاری سونے کی جگہ نئے، بین الاقوامی اصولوں کے مطابق تیار کردہ سونے نے لے لی ہے۔
اس اپ گریڈ کے دوران وزن، خالصیت اور سرٹیفیکیشن کے عالمی معیار پر پورا اترنے والے سونے کے نئے بارز حاصل کیے گئے، جس سے ان کی عالمی منڈی میں خرید و فروخت مزید آسان ہو گئی ہے۔
حالیہ مہینوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اس لین دین سے نمایاں مالی فائدہ حاصل ہوا۔ مرکزی بینک کے مطابق 2025 میں اس عمل سے 11 ارب یورو کی غیر معمولی زرمبادلہ آمدن حاصل ہوئی، جبکہ 2026 کے آغاز تک مجموعی منافع تقریباً 13 ارب یورو تک پہنچ گیا۔
مرکزی بینک کے گورنر فرانسوا ویلے روئے دے گالو نے کہا کہ نئے معیار کے مطابق سونا یورپی منڈی میں زیادہ فعال طور پر استعمال ہوتا ہے، اسی لیے اسے پیرس میں رکھنا زیادہ مناسب ہے۔
فرانس 2005 سے اپنے سونے کے ذخائر کو بتدریج جدید بنانے کے عمل میں مصروف ہے، جبکہ ماضی میں 1963 سے 1966 کے درمیان اس نے اپنے زیادہ تر ذخائر امریکا اور برطانیہ سے واپس منتقل کر لیے تھے۔
مرکزی بینک کے مطابق ابھی مزید 134 ٹن سونے کو جدید معیار کے مطابق ڈھالنا باقی ہے، جسے 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔







