سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق، جاز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا انٹرسٹ ریٹ سویپ معاہدہ ہے۔ یہ اہم معاہدہ پاکستان کی فنانشل مارکیٹس میں ایک بڑی پیش رفت ہے اور مالی خطرات سے نمٹنے کے لیے جاز ورلڈ کی محتاط اور مستقبل پر مبنی حکمتِ عملی کو ظاہر کرتا ہے۔
طویل مدت کے اس انٹرسٹ ریٹ سویپ کے ذریعے جاز ورلڈ نے روپے میں لیے گئے قرضوں پر شرحِ سود کے اتار چڑھاؤ سے خود کو محفوظ کیا ہے، جس سے درمیانی اور طویل مدت میں کیش فلو میں استحکام اور مالی منصوبہ بندی میں مزید بہتری آئے گی۔
بیان کے مطابق شرحِ سود کے خطرات سے بروقت نمٹنے کی حکمتِ عملی کے ذریعے جاز ورلڈ نے اپنی بیلنس شیٹ کو مزید مضبوط کیا ہے اور آئندہ سرمایہ کاری کے لیے مالی لچک برقرار رکھی ہے۔
UBL executes Pakistan’s Largest-Ever Interest Rate Swap with Jazz
— @ubldigital (@UBLDigital) January 19, 2026
United Bank Limited (UBL) has successfully executed a PKR 75 billion Interest Rate Swap (IRS) with Jazz, Pakistan’s leading digital operator, marking the largest interest rate swap ever concluded in the country. pic.twitter.com/qNXg9nYJA1
یہ معاہدہ پاکستان کی مقامی فنانشل مارکیٹس کی بڑھتی ہوئی پختگی کو ظاہر کرتا ہے، جہاں ملکی ادارے اب مقامی کرنسی میں بڑے اور پیچیدہ مالی معاہدے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس لین دین میں یو بی ایل نے واحد فریق اور اسٹرکچرنگ بینک کے طور پر کردار ادا کیا، اپنی مالی مضبوطی اور ڈیریویٹیو مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے جاز ورلڈ کے لیے ایک جامع اور موزوں حل فراہم کیا۔
جاز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ یہ ٹرانزیکشن جاز ورلڈ کے مالی خطرات کے انتظام اور طویل مدتی قدر کی تخلیق کے منظم رویے کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سود کی شرح کے اثرات سے فعال طور پر تحفظ حاصل کر کے ہم کیش فلو کی یقین دہانی کو مضبوط بنا رہے ہیں، جب کہ پاکستان کے ڈیجیٹل کنیکٹوٹی انفراسٹرکچر اور مستقبل کے لیے تیار نیٹ ورک صلاحیتوں میں سرمایہ کاری بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یو بی ایل کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید اقبال نے کہا کہ یہ تاریخی انٹرسٹ ریٹ سویپ ٹرانزیکشن پاکستان میں سود کی شرح کے سویپ اور ڈیریویٹیو مارکیٹ کی ترقی کے لیے راہ ہموار کرے گی۔
UBL sets a new benchmark in Pakistan’s financial markets with a landmark deal with Jazz
— Mohammed Sohail (@sohailkarachi) January 19, 2026
United Bank Limited has successfully executed Pakistan’s largest-ever corporate interest rate swap, valued at PKR 75bn (USD 270mn), with Jazz.
This historic derivatives transaction enables… pic.twitter.com/m3JmGw05b2
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ یو بی ایل کی مستقبل میں زیادہ بلند پرواز اور اثر انگیز مواقع کو اپنانے کی تیاری کا عندیہ دیتا ہے، اور توقع ہے کہ اب دیگر بینک بھی بڑے ڈیریویٹیو لین دین کرنے کے لیے آگے آئیں گے۔
جاز ورلڈ پاکستان کے نجی شعبے کے بڑے سرمایہ کاروں میں شامل ہے، جو تین دہائیوں سے زائد عرصے سے ملک میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ کمپنی کی مجموعی سرمایہ کاری 10.9 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
جاز ورلڈ کے صارفین کی تعداد سات کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ ہے، جن میں تقریباً پانچ کروڑ 50 لاکھ فور جی (4G) صارفین شامل ہیں۔ یہ معاہدہ جدید مالی حل اپنانے میں جاز ورلڈ کی قیادت کو مزید مضبوط کرتا ہے، جبکہ یو بی ایل کے اس کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے جو پاکستان کے مالی نظام کے استحکام، گہرائی اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔







