پاکستانی اشیاء میں برآمدی صلاحیت موجود ہے۔ :لاہور چیمبر کا یورپ تجارتی مشن جرمنی پہنچ گیا
وفد نے برگشے چیمبر آف انڈسٹری اینڈ کامرس ووپرٹال، زولنگن، ریمشائڈ کے انٹرنیشنل ڈویژن کے افسر آرفٹ جیسپر رسٹ سے اہم ملاقات کی۔ وہ غیر ملکی تجارت، عمومی تجارت اور خدمات سے متعلق امور دیکھتے ہیں۔ ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت بڑھانے، کاروباری روابط مضبوط بنانے، پاکستانی برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری و معاشی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان ادارہ جاتی اور کاروباری سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی یورپ کا ایک اہم صنعتی اور معاشی مرکز ہے اور پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے برآمدات، صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اور کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی روابط تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی اور دیرپا کاروباری شراکت داری کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان میں مختلف اشیا اور خدمات کی وسیع رینج موجود ہے جن کی یورپی منڈی میں طلب اور برآمدی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے مارکیٹ تک رسائی میں مزید آسانی پیدا کرنے، کاروباری رابطوں کو بڑھانے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی خریداروں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران آرفٹ جیسپر رسٹ نے غیر ملکی تجارت اور کاروباری مواقع کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان اور جرمنی کے برگشے خطے کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر کاروباری ماحول، باہمی تجارت اور ممکنہ تعاون کے مختلف شعبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
لاہور چیمبر کے وفد کے دیگر اراکین نے بھی ملاقات میں شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں میں موجود کاروباری امکانات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جرمن کمپنیوں کے ساتھ براہ راست کاروباری روابط قائم کرنے اور تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفد نے کہا کہ اس نوعیت کے دورے پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں کو سمجھنے، غیر ملکی کاروباری شراکت داروں کے ساتھ براہ راست روابط قائم کرنے اور طویل مدتی تجارتی تعلقات استوار کرنے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
لاہور چیمبر کا یورپ تجارتی مشن پاکستان کے عالمی تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کو وسعت دینے اور یورپ بھر میں چیمبرز، اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ براہ راست رابطوں کے ذریعے پاکستانی کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے جاری ہے۔







