جمعے کے روز عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بھی دیکھنے میں آئے، جہاں سونے اور چاندی کی قیمتیں کم ہوگئیں۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 29 ہزار 136 روپے ہوگئی۔

اسی طرح مقامی مارکیٹ میں 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 573 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 67 ہزار 914 روپے ہوگئی۔

دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 65 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 4 ہزار 66 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

سونے کے ساتھ ملک بھر میں چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ چاندی کی قیمت 85 روپے کم ہوکر 5 ہزار 678 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 73 روپے کی کمی کے بعد 4 ہزار 867 روپے پر آگئی۔

اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت بھی 85 سینٹس کم ہوکر 52 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز 5 نومبر کو بھی پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 8 ہزار 230 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 35 ہزار 636 روپے، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 487 روپے ہوگئی تھی۔

اس سے قبل 4 نومبر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 13 ہزار 900 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 11 ہزار 917 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 26 ہزار 36 روپے اور 10 گرام سونا 3 لاکھ 65 ہزار 257 روپے کا ہوگیا تھا۔

3 نومبر کو ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے بعد استحکام ریکارڈ کیا گیا تھا اور قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا تھا۔

2 نومبر کو بھی فی تولہ سونا 2 ہزار 400 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 12 ہزار 136 روپے، جبکہ 10 گرام سونا 2 ہزار 58 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 53 ہزار 340 روپے کا ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔

عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی صورت حال کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے عالمی مارکیٹ میں اس کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورت حال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کے شرح تبادلہ میں تبدیلی بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔