برینٹ خام تیل کی قیمت 6 فیصد اضافے کے بعد 109.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو 4 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ رواں ہفتے خام تیل کی قیمت میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
خام تیل مہنگا ہونے کے باعث سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ دنیا بھر کے مرکزی بینک مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
امریکا میں 10 سالہ ٹریژری بانڈ کی شرح منافع 4.97 فیصد تک پہنچ گئی، جو 3 سال کی بلند ترین سطح ہے، جبکہ 30 سالہ بانڈ کی شرح منافع 5.38 فیصد کی 19 سالہ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ایشیا کی اسٹاک مارکیٹیں بھی دباؤ کا شکار رہیں۔ جاپان کا نکی 2.8 فیصد، چین کا سی ایس آئی 300 انڈیکس 1.2 فیصد جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 1.5 فیصد گر گیا۔
جے پی مورگن کے مطابق امریکا، جاپان، یورپ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت ترقی یافتہ معیشتوں کے 9 میں سے 8 مرکزی بینک رواں سال کے اختتام تک شرح سود میں اضافہ کرسکتے ہیں۔
سرمایہ کاروں کی نظریں اب امریکا میں اگست کے صارف قیمتوں کے اعداد و شمار پر ہیں، جو اگلے ہفتے امریکی فیڈرل ریزرو کے شرح سود سے متعلق فیصلے پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب بلند بانڈ شرح منافع کے باعث امریکی ڈالر مضبوط ہوا، جبکہ سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔







