تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 385.54 روپے سے کم ہو کر 353.43 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو جلد از جلد عوام تک پہنچایا جائے۔

اس سے قبل ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کے اعلان کے بعد وفاقی وزیر نے پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اشارہ دیا تھا۔

وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان کو ایک بڑا موقع ملا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھرپور کوششوں سے پاکستان عالمی امن کا علمبردار بنا ہے۔

اویس لغاری نے لکھا کہ لبنان میں جنگ بندی ہو گئی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز بھی کمرشل آمد و رفت کے لیے کھول دی گئی ہے۔ ان شاء اللہ ان کوششوں کے نتیجے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جلد کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایل این جی کی دستیابی سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ آخر میں انہوں نے پاکستان ہمیشہ زندہ باد لکھا۔

دوسری جانب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے گر رہی ہیں، اس لیے حکومت پیٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ کرے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں فوری بڑھانے والی حکومت پیٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ کرے اور آج ہی پیٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔