وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے ورلڈ بینک نے پورٹ قاسم کو دنیا کی نویں ترقی یافتہ بندرگاہ قرار دیا ہے۔

یہ بات وفاقی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم کی عالمی درجہ بندی پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔ یہ کامیابی حکومتی اصلاحات اور جدید کاری کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔

بیان کے مطابق قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل نے جدید آپریشنز کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بندرگاہی آپریشنز کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے اور پاکستان تیزی سے خطے کا شپنگ مرکز بنتا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق بندرگاہوں کی بہتر کارکردگی سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔

Image
بندرگاہوں کی بہتر کارکردگی سے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔ (تصویر:کنسٹرکشن ورلڈ)

اس سلسلے میں وزارت بحری امور کا کہنا ہے کہ بندرگاہوں پر جدید سہولیات، تیز تر کلیئرنس اور خودکار نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں تاکہ تجارتی سرگرمیوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

واضع رہے کہ حکام کے مطابق آئندہ برسوں میں دیگر بندرگاہوں کی کارکردگی بڑھانے کے لیے بھی منصوبہ بندی جاری ہے۔