وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 15 اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 20 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 392 روپے 66 پیسے سے بڑھ کر 393 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 17 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 396 روپے 82 پیسے سے کم ہوکر 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 15 اکتوبر 2026 تک ہوگا۔ اوگرا نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ طریقہ کار کے تحت عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں رد و بدل کی سفارش کی تھی۔

یاد رہے کہ 13 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 71 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 پیسے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 392 روپے 66 پیسے اور ڈیزل 396 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 12 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 93 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 395 روپے 37 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 61 پیسے اضافہ کرکے اسے 396 روپے 85 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔

10 اکتوبر سے 12 اکتوبر کے لیے حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 398 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 52 پیسے اضافہ کرکے اسے 396 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

دریں اثنا، مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔