سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کے بعد چاندی کی مارکیٹ میں بھی تیزی آگئی ہے۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 9 ہزار روپے تک پہنچ گئی جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ جیولرز کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران چاندی 4 ہزار روپے مہنگی ہوئی ہے جس کے باعث متوسط طبقے کے لیے زیورات خریدنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کے لیاقت آباد صرافہ بازار میں معمول کی چہل پہل اب ماند پڑ چکی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پہلے خریداروں کا رش رہتا تھا مگر اب زیادہ تر لوگ پرانے زیورات بیچنے یا پالش کروانے آتے ہیں۔

ایک جیولر نے بتایا کہ سونا چار لاکھ روپے فی تولہ سے اوپر جانے کے بعد لوگ سرمایہ کاری کے لیے چاندی خریدنے لگے جس سے اس کی طلب اور قیمت دونوں میں اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق اب درمیانہ طبقہ بھی چاندی کے زیورات خریدنے سے قاصر ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شادی بیاہ اور تحفوں کے لیے چاندی کے زیورات خریدنا مشکل ہوگیا ہے اس لیے لوگ مصنوعی گہنوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔

مزید براں کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 4 لاکھ 44 ہزار 900 روپے پر مستحکم ہے جبکہ 10 گرام سونا 3 لاکھ 81 ہزار 430 روپے پر برقرار ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں دھاتوں کی بڑھتی قیمتیں، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور ملکی معاشی غیر یقینی صورتحال نے قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے جس کا بوجھ براہ راست عوام پر پڑ رہا ہے۔