غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لوپ ٹور کے پروموٹر میسینا ٹورنگ گروپ نے بتایا کہ آنے والے امریکی ٹور کے میزبان مقامات نے آگاہ کیا تھا کہ وہ میکل مور کی شمولیت والے کنسرٹس کی اجازت نہیں دیں گے۔
پروموٹر کے مطابق اس صورتحال کے باعث پورا ٹور منسوخ ہونے اور لاکھوں مداحوں کے متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ میکل مور اب باقی ماندہ سپورٹ شوز میں پرفارم نہیں کریں گے۔
میکل مور نے فلسطین کے حق میں کیا کہا تھا؟
واضح رہے کہ میکل مور نے 4 اور 5 ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ایڈ شیرن کے کنسرٹس کے دوران فلسطین کے حق میں خطاب کیا تھا۔
میکل مور نے فری فلسطین کے نعرے لگاتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے عوام جان لیں کہ دنیا انہیں نہیں بھولی۔
ان بیانات پر اسرائیل نواز گروپوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا اور میکل مور کو ٹور سے الگ کرنے کے لیے پٹیشن بھی شروع کی گئی۔
میکل مور کا مؤقف
بعد ازاں میکل مور نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر تنقید کرنا یا نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانا یہودی افراد پر تنقید نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا پیغام امن اور تمام انسانوں کے لیے عزت، مساوات اور وقار کا ہے۔ رپورٹس کے مطابق میکل مور کو ایڈ شیرن کے آئندہ متعدد شمالی امریکی اسٹیڈیم شوز میں پرفارم کرنا تھا، تاہم اب انہیں باقی ٹور سے الگ کردیا گیا ہے۔







