مس یونیورس پاکستان 2026 کی تاج پوشی کی تقریب فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے روزال پارک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جب کہ تقریب کی ریکارڈ شدہ ویڈیو 18 اور 19 اگست کو یوٹیوب پر دو حصوں میں جاری کی گئی۔

مصباح ارشد نے 10 امیدواروں کے فائنل مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے مس یونیورس پاکستان 2026 کا اعزاز اپنے نام کیا۔

2000 میں پیدا ہونے والی مصباح ارشد کا تعلق پاکستان سے ہے اور وہ ماضی میں اسلام آباد میں بھی مقیم رہ چکی ہیں، جبکہ اس وقت جرمنی کے شہر میونخ میں رہائش پذیر ہیں اور یونیورسٹی آف ہیگن سے نفسیات کی تعلیم حاصل کررہی ہیں۔

مصباح ارشد نے 2023 میں حسن کے مقابلوں میں نمایاں شناخت بنائی۔ انہیں مس پاکستان ورلڈ 2023 اور مس اورا پاکستان 2023 کا اعزاز حاصل ہوا، جب کہ انہوں نے مختلف عالمی مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔

31 مئی 2023 کو انہیں مس پاکستان ورلڈ 2023 کا تاج پہنایا گیا۔ اسی سال انہوں نے مس اورا انٹرنیشنل 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کی، جب کہ اکتوبر 2023 میں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہونے والے مس انٹرنیشنل 2023 مقابلے میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔

2024 میں مصباح ارشد نے پولینڈ میں ہونے والے مس سپرا نیشنل 2024 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، تاہم وہ ان عالمی مقابلوں میں فائنل پوزیشن حاصل نہیں کرسکیں۔

مزید پڑھیں: کتوں کو مار کر بچوں کو سکھایا جا رہا ہے کہ تشدد ہر چیز کا جواب ہے، اداکارہ نادیہ افگن

اب مس یونیورس پاکستان 2026 کا تاج اپنے نام کرنے کے بعد مصباح ارشد نے ایک بار پھر عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

مصباح ارشد 24 نومبر 2026 کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں ہونے والے مس یونیورس 2026 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، جس میں دنیا بھر سے امیدوار شرکت کریں گی۔

مس یونیورس عالمی سطح پر معروف حسن کے مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں امیدواروں کی خوبصورتی کے ساتھ اعتماد، شخصیت، ذہانت، گفتگو اور مختلف سماجی و فلاحی موضوعات پر ان کے مؤقف کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔

مس یونیورس پاکستان کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد مصباح ارشد نے عالمی مقابلے کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ وہ عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی ثقافت اور تشخص کی نمائندگی کریں گی۔