ہڈیوں، بافتوں، ریشوں اور مسلز کے پیچیدہ نظام کے باعث گھٹنے کے جوڑ کافی کمزور ہوتے ہیں۔

گھٹنوں میں تکلیف کئی مسائل کا نتیجہ ہو سکتی ہے جیسے چوٹ لگنا، جوڑوں کے امراض یا گھٹنے کی بافتوں کا کوئی مسئلہ۔

گھٹنوں کی تکلیف میں چہل قدمی کرنا یا سیدھا کھڑا ہونا بھی تکلیف دہ ہوتا ہے۔اب دریافت ہوا ہے کہ موجودہ عہد میں بیشتر افراد کی پسندیدہ غذا گھٹنوں کی تکلیف کا شکار بنا سکتی ہے۔ یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل ریڈیولوجی میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال رانوں کے مسلز میں ایسے تبدیلیوں کا باعث بنتا ہے جس سے وہاں مسلز میں چربی کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور گھٹنوں کی تکلیف کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق کے مطابق رانوں کے مسلز میں چربی بڑھنے سے گھنٹوں کے جوڑ متاثر ہوسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

ان غذاؤں کو متعدد دائمی امراض جیسے امراض قلب، کینسر اور دیگر سے منسلک کیا جاتا ہے۔

اس تحقیق میں گھنٹوں کی تکلیف کے شکار 615 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔ ان افراد کا جسمانی وزن زیادہ تھا اور ان کی غذائی عادات کی تفصیلات بھی حاصل کی گئیں، جن سے علم ہوا کہ 41 فیصد کیلوریز الٹرا پراسیس غذاؤں سے حاصل ہوئیں۔

محققین کے مطابق نتائج سے الٹرا پراسیس غذاؤں اور رانوں کے مسلز کے گرد چربی کے ذخیرے کے درمیان واضح تعلق دریافت ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ آپ جتنی زیادہ مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کریں گے، رانوں کے مسلز پر چربی کی مقدار اتنی زیادہ ہوگی۔

ایم آر آئی اسکینز سے علم ہوا کہ اس چربی کے باعث مسلز کے ٹشوز تنزلی کا شکار ہوتے ہیں اور گھٹنوں کی تکلیف کا خطرہ بڑھتا ہے۔

محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ صحت کے لیے مفید غذاؤں کا استعمال مجموعی صحت کے ساتھ ساتھ گھٹنوں کی تکلیف سے بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

اگر کبھی آپ کے گھٹنوں کو انجری کا سامنا ہوا ہو یا جوڑوں کے امراض کے شکار ہیں تو جانتے ہوں گے کہ یہ کتنا تکلیف دہ ہوتا ہے۔

صحت مند گھٹنے کھڑے ہونے، چلنے، بھاگنے اور بیٹھنے کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں۔ جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھ کر بھی گھٹنوں کے جوڑوں کی تکلیف سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔