لاہور میں جماعت اسلامی کے اجتماعِ عام اور ذمہ داران و کارکنان کے اعزازی استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئی پی پیز مافیا اور ان کے سرپرستوں کے خلاف نئی تحریک کا آغاز کرے گی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک برس میں 50 ہزار عوامی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، جب کہ جماعت اسلامی کے 50 لاکھ نئے ممبران بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی متناسب نمائندگی کے نظام کے تحت شفاف انتخابات چاہتی ہے، جب کہ موجودہ حکمران آئین و جمہوریت کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غلط پالیسیوں میں ایک دوسرے کی نقل کی جا رہی ہے، سندھ میں مہنگے چالانوں کا آغاز ہوا تو پنجاب میں بھی وہی سلسلہ شروع ہو گیا۔

امیر جماعتِ اسلامی نے سوال اٹھایا کہ جو حکمران آئین اور جمہوریت کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، ان کا چالان کون کرے گا؟

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس اجتماعِ عام سے نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور جماعت اسلامی عوامی طاقت سے فرسودہ نظام کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھے گی۔