غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران گزشتہ ایک سال سے خاموش نہیں بیٹھا بلکہ اس دوران اپنی تیاریوں اور صلاحیتوں میں اضافہ کرتا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ بدستور جاری ہے، تاہم سفارتی رابطوں کی رفتار گزشتہ مذاکراتی ادوار کے مقابلے میں سست ہو گئی ہے۔

رضا امیری مقدم نے مزید بتایا کہ امریکا کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی جا رہی ہیں، جن پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ سفارتی رابطوں کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔

پاکستان میں ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کی تو تہران اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے گزشتہ ایک سال کے دوران خود کو ممکنہ حالات کے لیے تیار کیا ہے اور اس کے پاس ایسے مزید سرپرائزز موجود ہیں جن کا امریکا کو اندازہ نہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کے ساتھ بحری محاذ پر بھی تناؤ بڑھ رہا ہے۔

امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کے تناظر میں خطے کی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے، جب کہ پاکستان اور قطر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔