اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عادل راجا، حیدر مہدی، وجاہت سعید، صابر شاکر اور معید پیرزادہ کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔

نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز کے مطابق عدالت میں پراسیکیوشن کی جانب سے ڈیجیٹل دہشتگردی کے مقدمے میں مجموعی طور پر 24 گواہان پیش کیے گئے۔ پراسیکیوشن کی نمائندگی راجا نوید حسین کیانی نے کی، جب کہ ملزمان کی جانب سے گلفام اشرف گورائیہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جنہیں عدالت نے ملزمان کا وکیل مقرر کیا تھا۔ انسداد دہشتگردی قوانین کے تحت عدالت نے ملزمان کی عدم موجودگی میں ٹرائل مکمل کیا۔

عدالت نے عمر قید کے علاوہ ملزمان کو دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 35 سال قید اور 15، 15 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ پراسیکیوشن کی استدعا پر عدالت نے غیر موجودگی میں ٹرائل مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنا دیا گیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، جب کہ شاہین صبہائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو بھی سزا دی گئی۔ اسی طرح تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں شاہین صبہائی، حیدر مہدی اور وجاہت سعید کو سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز مہم انسداد دہشتگردی کے زمرے میں آتی ہے، جس پر قانون کے مطابق سخت سزا دی گئی۔