اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مسلسل تعاون بین الاقوامی امن و سلامتی اور کثیر الجہت اصولوں کے لیے پاکستان کی پائیدار وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے بہادر مردوں اور خواتین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال منایا جانے والا یہ دن تنازعات سے متاثرہ خطوں میں عالمی امن و سلامتی کے حصول کے لیے فوج، پولیس اور سول امن دستوں کی لازوال خدمات اور قربانیوں کا اعتراف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال یہ دن ‘امن میں سرمایہ کاری کریں’ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، جو دنیا بھر میں پائیدار امن کے فروغ اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مسلسل سیاسی عزم اور مالی
تعاون کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif s Message on International Day of UN Peacekeepers, 29 May 2026.
— Prime Minister s Office (@PakPMO) May 29, 2026
Today, Pakistan joins the international community in paying rich tribute to the brave men and women serving under the United Nations flag on the occasion of the International… pic.twitter.com/JYSpl15PRY
یہ دن 1948 میں فلسطین میں شروع ہونے والے اقوامِ متحدہ کے سب سے پہلے امن مشن ‘یونائیٹڈ نیشنز ٹروس سپروائزن آرگنائزیشن’ کے قیام کی یاد میں بھی منایا جاتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن مشنز کی تاریخ میں اب تک 20 لاکھ سے زائد مرد اور خواتین دنیا بھر کے 70 سے زائد مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن آپریشنز میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے اور صفِ اول کے ممالک میں شامل ہے۔
1960 سے اب تک پاکستان 48 سے زیادہ امن مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد اہلکار بھیج چکا ہے، جن میں 500 سے زائد خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔
‘یہ ہمارے لیے انتہائی فخر کی بات ہے کہ پاکستان آج اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں فوج بھیجنے والا دنیا کا 5واں بڑا ملک ہے۔’
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں خدمات انجام دینے والے ان بہادر اہلکاروں نے انسانیت اور عالمی استحکام کے لیے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں۔
‘فرض کی راہ میں اب تک 4,400 سے زائد اہلکار اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جن میں 181 سے زائد پاکستانی امن پسند بھی شامل ہیں، جو ان کی لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔’







