تفصیلات کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاری باضابطہ حکم نامے کے مطابق عدالت کے احکامات کے تحت 30 نومبر 2025 کی کاروباری سرگرمیوں کے اختتام تک مستقل، کنٹریکٹ، ڈیپوٹیشن، عارضی، ڈیلی ویجز اسٹاف، براڈکاسٹ ریسورس کانٹری بیوٹرز اور اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے والے تمام افسران و ملازمین کی خدمات ختم کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ان ملازمین پر بھی لاگو ہوگا جو اس وقت رخصت پر ہیں۔

نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ملازمین 28 نومبر تک اپنی ذمہ داریوں کی تحریری رپورٹ جمع کرائیں، جاری کاموں کی تکمیل کی تصدیق کریں اور سرکاری فائلیں، دستاویزات، لاگ ان تفصیلات، آلات، میڈیا اسٹوریج ڈیوائسز سمیت تمام سرکاری اثاثے متعلقہ فوکل پرسنز کے حوالے کریں۔

ایڈمنسٹریشن، فنانس، انجینئرنگ، ٹیکنیکل اور اسٹیشن مینجمنٹ کے شعبوں میں اس مقصد کے لیے فوکل پرسنز نامزد کیے گئے ہیں۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ جانے والے ملازمین تمام کلیئرنس اسناد، بینک تفصیلات، شناختی کارڈ کی نقول اور تازہ ترین رابطہ معلومات ایڈمنسٹریشن آفس میں جمع کرائیں۔

ملازمین کے واجبات جن میں گریجویٹی (جہاں لاگو ہو)، لیو ان کیشمنٹ، بقایا تنخواہوں کے ایڈجسٹمنٹ اور دیگر جائز مالی دعوے شامل ہیں۔کمپنی کے سروس ریگولیشنز اور متعلقہ قوانین کے مطابق حساب کیے جائیں گے۔

ادائیگیاں لیکوڈیشن کے دوران دستیاب فنڈز اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے منظور شدہ ترجیحی ادائیگیوں کی فہرست کے مطابق کی جائیں گی۔

کمپنی نے یہ بھی وضاحت کی کہ ملازمین کی برطرفی کسی محکمانہ یا تادیبی کارروائی کا نتیجہ نہیں ہے بلکہ یہ فیصلہ مکمل طور پر عدالت کی منظور شدہ تحلیل کے عمل کا حصہ ہے۔

اس حکم نامے پر دستخط خِلجی راحت وحید، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی جانب سے محمد عاطف سعید نے کیے، جو اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ کے مقرر کردہ لکوڈیٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

نوٹیفکیشن کی نقول وزارت اطلاعات و نشریات، پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس  کو بھی ارسال کی گئی ہیں اور اسے کمپنی کے نوٹس بورڈ پر بھی آویزاں کر دیا گیا ہے۔