وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں عسکری قیادت نے انہیں پاکستان اور افغانستان کی سرحدی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی۔

شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے مبینہ گٹھ جوڑ اور شرپسند سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظمِ پاکستان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفینس فورسز کی قیادت میں افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

شہباز شریف نے سرحدی علاقوں میں حملوں کو پسپا کرنے اور بھرپور جوابی کارروائی پر افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ارضِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ٍانہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔