اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ دن پہلے کے حملے میں بھی افغان شہری ملوث تھے اور اب اسلام آباد دھماکے میں بھی افغان شہری نکل آئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم بار بار افغانستان کو بتا رہے ہیں مگر کابل ذمہ داری نہیں بھی لیتا تو یہ شہادت ساری دنیا کے سامنے ہے، افغانستان دہشت گردی کی پشت پناہی کررہا ہے اورانڈیا  افغانستان کی پشت پناہی کررہاہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم نے جنگ بھی جیتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ بھی جیتیں گے، دہشت گردی کے پیچھے عناصر کا زمین کے آخری کونے تک پیچھا کریں گے۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پارٹی لائن کے خلاف ووٹ دینا انحراف ہے مگر ضمیر کے مطابق ووٹ دیا جائے تو شمار ہوگا۔ 

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ منحرف ہونےکے حوالے سے کلاز کلیئر ہے، پارٹی لائن کے خلاف ووٹ دینا انحراف ہے مگر ضمیر کے مطابق ووٹ شمار ہوتا ہے۔ 

انہوں نے کہا رکن کو معلوم ہوتا ہے کہ انحراف کی قیمت کیا ہوتی ہے، سیف اللہ ابڑو کو معلوم تھا کہ قیمت ادا کرنی ہے لیکن انہوں نے ضمیر کے مطابق ووٹ دیا۔ 

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جب تک تحریری استعفی نہیں آتا اعلان کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی، جب تک الیکشن کمیشن سے ڈی نوٹیفائی نہیں ہوجاتا رکنیت برقرار رہتی ہے اور پروسیجر مکمل ہونے تک سیف اللہ ابڑو اس ایوان کے رکن ہیں۔ 

پی ٹی آئی کے احتجاج پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ ان لوگوں نے  سیاست کرنی ہوتی ہے جس کی ویڈیو بن کر پھر اڈیالہ جیل جاتی ہے۔