سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس سٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، پاک فوج پیشہ ورانہ صلاحیت، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمت عملی سے لیس ہے اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا ہے، تاہم ملکی سالمیت اور دفاع میں کسی بھی رعایت کی گنجائش نہیں ہے اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مزید پڑھیں: پاک فوج نے خطے میں اپنی دفاعی طاقت ثابت کر دی، بلاول زرداری
موجودہ خطے کی کشیدہ صورتحال اور سرحدی سکیورٹی کے پس منظر میں ایک مضبوط پیغام ہے کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت اور قومی یکجہتی کے ذریعے کسی بھی خطرے کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور مربوط حکمت عملی خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
واضع رہے کہ پاکستان کی فوجی تیاری نہ صرف دفاعی حکمت عملی میں مضبوط ہے بلکہ کسی بھی جارحیت یا سرحد پار حملے کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاکہ ملک کی خودمختاری اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔







