تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور طالبات شامل تھے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اہلِ پنجاب کی جانب سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا اور وفد میں شامل تمام طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران طلبہ و طالبات نے وزیراعلیٰ کو بلوچی چادر بھی پہنائی۔
میں کسی کی برائی نہیں کرنا چاہتی۔ آپ پاکستان کے جھنڈے اٹھانے والے نوجوان ہیں۔ آپ ہی اس ملک کا مستقبل ہیں۔ اگر چاروں صوبوں میں ترقی اور نظام کا فرق نظر آتا ہے تو اس کی ایک غلط دلیل دی جاتی ہے کہ پنجاب کو زیادہ پیسہ ملتا ہے۔ یہ بات درست نہیں۔ تمام صوبوں کو آبادی کے تناسب سے فنڈز… pic.twitter.com/mt3ibkk4il
— PMLN (@pmln_org) January 5, 2026
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ پاکستان کے علمبردار ہیں اور ملک کا مستقبل انہی کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننا صرف ان کا نہیں بلکہ پاکستان کی تمام بیٹیوں کا اعزاز ہے۔
طلبہ کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں محروم معیشت افراد کے لیے خصوصی ہیلپ لائن شروع کی جا رہی ہے تاکہ بیماری، علاج اور دیگر ہنگامی ضروریات میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں سے روزگار اور بہتر مواقع کی تلاش میں آنے والوں کے لیے دل کے دروازے کھلے ہیں اور ہسپتالوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تمام صوبوں کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب کے چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام سے دوسرے صوبوں کے بچے بھی مستفید ہوئے ہیں جبکہ ہزار بیڈ کا نواز شریف کینسر ہسپتال اس مقصد سے بنایا گیا ہے کہ نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے عوام کو فائدہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی سندھی، پنجابی یا کشمیری کا فرق نہیں رکھا، ہم سب پہلے پاکستانی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ گڈ گورننس سے بہتر کوئی سیاست نہیں ہو سکتی، سیاست پروٹوکول لینے کا نام نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور محنت کرنے کا کام ہے۔
پنجاب میں کسی بھی سرکاری ہسپتال میں علاج مکمل طور پر مفت ہے۔ دل کی سرجری ہو یا کینسر کا علاج، آرگن ٹرانسپلانٹ ہو یا ڈائیلاسز، ہر سہولت بغیر کسی فیس کے دستیاب ہے۔ یہ سہولت پہلے موجود نہیں تھی۔ فری دوائیں بند ہو چکی تھیں۔ اب نہ صرف تمام مفت ادویات بحال کی گئی ہیں بلکہ ذیابیطس، دل… pic.twitter.com/RGOv9WZoqP
— PMLN (@pmln_org) January 5, 2026
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں سفارش اور رشوت کا کلچر ختم کر دیا گیا ہے اور وہ حلفاً کہہ سکتی ہیں کہ کوئی افسر سفارش پر تعینات نہیں کیا گیا۔ وی سی، سیکرٹری، ڈی سی اور کمشنر جیسے عہدوں پر تقرری پینل انٹرویو کے بعد کی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں ہراسانی، ریپ اور قتل کے واقعات تواتر سے ہوتے تھے، تاہم اب پنجاب کے آئی جی ایک محنتی اور پروفیشنل افسر ہیں اور کئی شہروں میں جرائم نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔
ان کے مطابق پنجاب میں کرائم کی شرح 100 فیصد سے کم ہو کر 30 فیصد تک آ چکی ہے اور کسی بھی جرم کی صورت میں 24 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ کوئی نظر نہیں آتا کیونکہ بغیر ہیلمٹ حادثات میں شدید نقصان ہو سکتا ہے۔ شہباز شریف نے لاہور میں پہلا سیف سٹی منصوبہ شروع کیا تھا جسے اب پورے پنجاب تک پھیلا دیا گیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ کرائم سین پر سب سے پہلے ڈرون پہنچ جاتا ہے اور پینک بٹن دبانے پر پولیس فوری پہنچتی ہے، جس کے باعث مائیں، بہنیں اور بیٹیاں خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔ کیمروں کے ذریعے نہ صرف مجرموں بلکہ کوڑا کرکٹ کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں 25 ہزار گھر بنا دیے گئے ہیں اور پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کا ہدف مکمل کیا جائے گا۔
آج کی تاریخ میں پراگریس ریویو کے بعد واضح ہے کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت روزانہ 7 سو گھر مکمل ہو رہے ہیں۔ ہر خاندان کو 15 لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔ پہلے تین ماہ کوئی قسط نہیں۔ اس کے بعد ماہانہ صرف 14 ہزار روپے قسط ہے۔ جو لوگ پہلے 18 سے 20 ہزار کرایہ دیتے تھے اب وہ اسی رقم میں اپنے… pic.twitter.com/MjjAGCJncJ
— PMLN (@pmln_org) January 5, 2026
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے وسائل عطا کیے ہیں تاکہ عوام کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں علاج، ٹیسٹ اور ادویات مفت دی جا رہی ہیں جبکہ ماضی میں کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات بند کر دی گئی تھیں، اب پانچ لاکھ مریضوں کو گھر بیٹھے دوائیں مل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معمولی بیماریوں کے لیے ہسپتال آنے کی ضرورت نہیں، ہزار کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال گاؤں گاؤں جا رہے ہیں اور مراکز صحت کو یورپی معیار کے مطابق مریم نواز ہیلتھ کلینک میں تبدیل کیا جا چکا ہے۔ پنجاب میں چند کارڈیالوجی سنٹرز تھے، اب سرگودھا، ساہیوال اور مری میں کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ جبکہ 16 اضلاع میں کیتھ لیب قائم کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے صفائی مہم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں صفائی خود بخود نہیں ہو رہی بلکہ سال بھر کی محنت کا نتیجہ ہے۔ فوربز نے بھی “ستھرا پنجاب” کو دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پروگرام قرار دیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ ورکرز پر مشتمل فورس پنجاب بھر میں شہر شہر اور گاؤں گاؤں صفائی کر رہی ہے، اب جھاڑوؤں کے بجائے مشینوں سے صفائی کی جا رہی ہے اور ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں کو مکمل طور پر دھویا جاتا ہے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ گرین بس کا آغاز چھوٹے شہروں سے کیا گیا جہاں 20 روپے میں بہترین سفری سہولت دی جا رہی ہے، لاہور کے مختلف مقامات پر مفت وائی فائی بھی دستیاب ہے۔ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ہر تحصیل میں سنٹر آف ایکسی لینس بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں قائم ارلی چائلڈ ہوڈ سنٹر جیسا ادارہ کہیں اور نہیں۔
انہوں نے جنوبی پنجاب میں غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے اربوں روپے کے اسکول میل پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے 11 لاکھ نئے داخلے ہوئے ہیں۔ بچوں کے لیے لائبریری آن ویل اور اسکول آن ویل منصوبے بھی متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں 15 لاکھ مزدوروں کو راشن کارڈ دیے جا چکے ہیں جبکہ 50 لاکھ مزدوروں کو راشن کارڈ دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں 20 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی جا چکی ہیں، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو بس منصوبے جاری ہیں، جہاں صاف پانی دستیاب نہیں وہاں واٹر بوٹلنگ اور فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں، جبکہ تمام اضلاع میں سیوریج اور ڈرینج کا کام جاری ہے جو ایک سال میں مکمل ہو جائے گا۔
یہاں پہلے جرائم، ہراسمنٹ اور ریپ کے واقعات زیادہ تھے۔ اب یہ نمایاں حد تک کم ہو چکے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے اندر مجرم پکڑے جا رہے ہیں۔ وجہ صاف ہے۔ پورا پنجاب سی سی ٹی وی مانیٹرڈ ہے۔ تمام اضلاع میں سیف سٹیز قائم ہو چکے ہیں۔ لاہور میں پہلا سیف سٹی شہباز شریف نے بنایا۔ اب 2 سال میں پورے… pic.twitter.com/bEVs6wjxSK
— PMLN (@pmln_org) January 5, 2026
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہے اور فالج کے مریضوں کے لیے خصوصی پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا ہونہار اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت 80 ہزار بچوں کی فیس حکومت ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو مضبوط سمجھتی ہیں لیکن اسکالرشپ لینے والے بچوں کی کہانیاں سن کر آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ رواں سال ایک لاکھ بچوں کو لیپ ٹاپ، اسکالرشپ اور الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 2016 میں نواز شریف نے آئی ایم ایف کو الوداع کہا تھا اور 2018 میں کون ملک کو دوبارہ وہاں لے کر گیا سب جانتے ہیں۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو سیاست دان دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے پر یقین رکھتے ہیں وہ معیشت کیسے ٹھیک کر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مانیٹرنگ اور چیکنگ کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا، انفراسٹرکچر بنے گا تو ہی ترقی آئے گی، قرض لیا جائے تو یہ دیکھا جانا چاہیے کہ پیسہ عوام پر لگایا گیا یا اپنے اوپر۔
انہوں نے کہا کہ اگر انسان فیصلہ کر لے کہ کام کر کے جانا ہے تو کام ہو جاتے ہیں، اگرچہ وسائل محدود ہیں مگر عوام کے لیے کام کبھی کافی نہیں لگتا۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بلوچستان کے طلبہ کو ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ دیے جا رہے ہیں، دانش اسکولوں میں بلوچستان کے 260 طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ 1500 طلبہ تعلیم مکمل کر چکے ہیں۔ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کا حصہ الگ رکھا گیا ہے۔
میرا تو دل چاہتا تھا کہ ہر بچے سے الگ الگ ملوں اور بات کروں، مگر وقت محدود تھا۔ آپ سب کے ساتھ مل کر خوشی ہوئی۔ ہندو، سکھ اور مسیحی بچوں کی موجودگی میرے لیے باعث فخر ہے۔ یہ جان کر اچھا لگا کہ آپ کو لاہور پسند آیا، یہاں کے لوگوں کی محبت اور مہمان نوازی آپ نے محسوس کی۔ آپ پنجاب آئے،… pic.twitter.com/b4TAu69aB0
— PMLN (@pmln_org) January 5, 2026
آخر میں وزیراعلیٰ نے طلبہ کو نصیحت کی کہ جھوٹے بہکاوے میں نہ آئیں، اپنے حق کے لیے اپنی حکومت سے تہذیب اور شائستگی کے ساتھ سوال کریں۔ ہم سب پہلے پاکستانی ہیں، سندھی، بلوچی اور پنجابی بعد میں ہیں، دعا ہے کہ ہر قدم ملک اور قوم کی بہتری کے لیے اٹھے۔
وفد میں شامل طلبہ و طالبات نے لاہور کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور بہت اچھا لگا، وزیراعلیٰ سے ملاقات خوشی کا باعث بنی، مکران، تربت اور دیگر علاقوں سے آنے والے طلبہ نے اس دورے کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔
ایک طالبہ نے کہا کہ نواز شریف نے بلوچ طلبہ کو اسکالرشپ دی تھیں جو بعد میں بند کر دی گئیں، جبکہ ایک اور طالبہ نے کہا کہ مریم نواز شریف نہ صرف خوبصورت ہیں بلکہ ان کا دل بھی بہت خوبصورت ہے۔







